سرفراز احمد کو کپتانی واپس ملنے کا امکان

لاہور(نیوز ڈیسک ) امکان ہے کہ سابق کپتان سرفراز احمد میلیبورن کرکٹ کمیٹی (ایم سی سی) کے خلاف میچ میں پی سی بی الیون کی قیادت کریں گے۔ 32سالہ سرفراز احمد نے قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کی قیادت کی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )ایم سی سی ٹیم کے میچز قذافی سٹیڈیم ،لاہورمیں بھی کرانے کا منصوبہ کررہا ہے۔قبل ازیں میچ ایچی سن کالج گرائونڈ میں کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکار کی قیادت میں ایم سی سی کی ٹیم نے اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے ۔
ایم سی سی ٹیم نے لاہور میں تین میچز کی سیریز کھیلنا ہے ۔ قذافی سٹیڈیم میں دو میچز کرائے جا سکتے ہیں ۔ پی ایس ایل کی فرنچائز لاہور قلندرز کے میچز بھی قذافی سٹیڈیم میں ہوں گے۔خیال رہے کہ سرفراز احمد کو قومی سلیکشن کمیٹی نے پاکستان ٹیم میں شامل کرنے سے گریز کیا ہے حالانکہ ان کی فٹنس میں بہت بہتری آئی ہے ۔ سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں شرمناک شکست کے بعد قومی ٹیم میں اپنی جگہ کے ساتھ ساتھ کپتانی سے بھی ہاتھ دھونا پڑے تھے اور اب وہ قومی ٹیم میں واپسی کے لیے بھرپور کوشش کررہے ہیں۔