لاہور میں امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش،میٹرو بس کو زبردستی بند کروا دیا گیا

لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور کے حالات خراب کرنے کی کوشش، میٹرو بس کو زبردستی بند کروا دیا گیا، شہر کی ایک مقامی مارکیٹ نے پولیس کی جانب سے گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے معاملے پر بطور احتجاج میٹرو روٹ کو بلاک کر دیا، واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف کاروائی کرنے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور شہر کی ایک مقامی مارکیٹ کے تاجروں نے احتجاج کے نام پر زبردستی میٹرو بس سروس اور روٹ بند کروا دیا ہے۔میٹرو بس سروس بند ہو جانے سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی جانب سے شہر کی ایک مقامی مارکیٹ کے گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد مارکیٹ کے تاجر احتجاج کیلئے سڑکوں پر آگئے۔ تاجروں نے مارکیٹ کے قریب واقع میٹرو بس اسٹیشن اور روٹ کو زبردستی بند کروا دیا، جس کے باعث پورے روٹ پر میٹرو بس سروس کو بند کرنا پڑ گیا۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ پولیس نے ان کی مارکیٹ میں ڈیوٹی پر تعینات ایک سول گارڈ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ تاجروں کا مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث پولیس اہلکاروں اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے، بصورت دیگر ان کا احتجاج جاری رہے گا۔