معیاری تعلیم کے فروغ کے لیئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا،ایاز میمن

کراچی(نمائندہ خصوصی)کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و معروف سماجی رہنماء ایاز میمن موتی والا کا کراچی میں معیاری تعلیم کے فروغ کے لیئے اسکولوں کے جدید سسٹم کو روشناس کرانے کا عزم، شہر قائد کے علاقے لیاری اورہجرت کالونی میں مفت معیاری تعلیم کا آغاز کر دیا، اس موقع پر ایاز میمن کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو، معیاری تعلیم ہر بچے کا حق ہے، بچوں کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے، چاہتے ہیں کہ پاکستان کا ہر بچہ تعلیم یافتہ ہو اور ملک کا نام روشن کرے، انجینئر ، ڈاکٹر، سائنسدان، بزنس ٹائیکون، صدر اور وزیراعظم بنیں نا

کہ ملازمتیں کریں ، لیاری اور ہجرت کالونی میں معیاری تعلیم کی فراہمی ، اپنی نسل کو تعلیم یافتہ بنانے کے لیئے دیکھے ہوئے خواب کی جانب پہلا قدم ہوگا ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہجرت کالونی میں معیاری تعلیم کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا، ایاز میمن کا کہنا تھا کہ اپنی مدد آپ کے تحت شہر قائد کے ایسے علاقوں میں معیاری تعلیم کو فروغ دیں گے جہاں پر اسکول نہیں ہیں یا بچے اسکول نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کر پا رہے ، انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت نے دیگر شعبوں کی طرح تعلیم کو بھی تباہ کردیا ہے، تحریک انصاف کی نا اہلی نے پاکستانی قوم کو ہر قدم پر مشکلات دی ہیں ، وہ قو میں اور ملک ترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ جاتے ہیں جو اپنی نسلوں کو تعلیم یافتہ نہیں کرتیں ، تاریخ گواہ ہے کہ ان ہی ممالک نے ترقی کی جنہوں نے اپنے بچوں کو تعلیم کے لیئے سہولیات فراہم کیں اور حصول تعلیم کے لیئے بچوں کے اخراجات برداشت کیے، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد عوامی مسائل کو حل کرنے کی بجائے ذاتی دشمنیاں نکالنی شروع کر دی ہیں ، عوامی مسائل کو حل کرنے کے بجائے وفاقی حکومت کی ساری توجہ سیاسی مخالفین پر تنقید کرنے اور گزشتہ حکومتوں کی کارکردگی کا رونا پیٹنا کرنے پر مرکوز ہے اور یہی باتیں کرتے کرتے عمران خان وقت پورا کرنا چاہتے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے شعبہ تعلیم کو مکمل طور پر برباد اور پست پشت ڈال دیا ہے ۔