پاکستان کے پہلے اوور سیز پاکستانیز نیوز پورٹل کا افتتاح کر دیا گیا

پاکستان کے پہلے اوور سیز پاکستانیز نیوز پورٹل کا افتتاح کر دیا گیا
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کیلئے پاکستان کے پہلے اوورسیز پاکستانیز نیوز پورٹل اور ویب ٹی وی کا افتتاح کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق معروف سماجی شخصیت اور چیئرمین گلوبل پاکستان کشمیر سپریم کونسل راجہ سکندرنے اوور سیز پاکستانیز نیوز پورٹل کی افتتاحی تقریب میں بٹن دبا کر نیوز پورٹل کی لانچنگ کی اور فیتہ کاٹا ، تقریب میں معروف سماجی شخصیت و چیئر پرسن جموں و کشمیر یکجہتی تحریک عظمیٰ گل، سید شبیر شاہ صدر پاکستان چیپٹر گلوبل پاکستان کشمیر سپریم کونسل ، سینئر صحافی و چیئرمین فورتھ پلز ویجیلنٹ میڈیا واچ ڈاگ فاروق مرزا،سینئر صحافی، روزنامہ ’’مبلّغ‘‘ اسلام آباد کے چیف ایڈیٹر و چیف ایگزیکٹوMN TV (ڈیجیٹیل میڈیاٹی وی چینل )ڈاکٹر غازی علوی اور آزاد کشمیر حکومت کے کو آر ڈی نیٹر راجہ شیر ایاز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ چیف ایگزیکٹو اوور سیز پاکستانیز نیوز (OPN)فیصل اظفر علوی اور چیف ایڈیٹر اصغر حیات خان نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اوور سیز پاکستانیز نیوز (OPN)کے اجرا کے حوالے سے انہیں بریفنگ دی اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہم اس پلیٹ فارم سے سمندر پار پاکستانیوں کی مشکلات کو اجاگر کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین گلوبل پاکستان کشمیر سپریم کونسل راجہ سکندرنے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے ایک باقاعدہ پلیٹ فارم کی اشد ضرورت تھی جو اوور سیز پاکستانیوں کی آواز کو موثر انداز میں ارباب اختیار تک پہنچا سکے ، اوور سیز پاکستانیز نیوز (OPN)کا اجرا خوش آئند ہے اور بطور نمائندہ سمندر پار پاکستانیز میں ادارے کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔ اوور سیز پاکستانیز نیوز (OPN) چونکہ ڈیجیٹل میڈیا کے طور پر کام کر رہا ہے اس لئے یہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ لوگ مذکورہ پورٹل تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر پرسن جموں و کشمیر یکجہتی تحریک عظمیٰ گل کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹیل میڈیا کے منجھے ہوئے نوجوان صحافیوں کی اوور سیز پاکستانیوں کیلئے یہ کاوش لائق تحسین ہے، آج کل سوشل میڈیا کا دور ہے اور لوگ معلومات کی رسائی اور اپنی آواز کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کیلئے ڈیجیٹل میڈیا پر انحصار کرتے ہیں۔ ایسے حالات میںاوور سیز پاکستانیز نیوز (OPN) سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گا ۔
تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین فورتھ پلز ویجیلنٹ میڈیا واچ ڈاگ فاروق مرزاکا کہنا تھا کہ ڈیجیٹیل میڈیا کے اس دور میں ہمیں اقوام عالم کا مقابلہ کرنے کیلئے بروقت اقدامات کی ضرورت ہے۔ پوری دنیا میں ٹیکنالوجی کی وجہ سے انقلاب برپا ہو گیا ہے اور ڈیجیٹل میڈیا نے روایتی میڈیا کی جگہ لے لی ہے۔ چونکہ ہمارا ادارہ ملکی و غیر ملکی میڈیا ہائوسز اور ان کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہے اس لئے ہمیں ادراک ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کی وجہ سے روایتی میڈیا کو مسائل کو سامنا ہے اور صارفین ڈیجیٹل میڈیا کو معلومات کے حصول کیلئے ترجیح دے رہے ہیں۔
اس موقع پر سینئر صحافی ڈاکٹر غازی علوی کا کہنا تھا کہ ہم نے میڈیا کے بدلتے ہوئے رجحانات کو مد نظر رکھتے ہوئے بروقت ڈیجیٹل میڈیا کی دنیا میں قدم رکھا تھا، روزنامہ ’’مبلّغ‘‘ جڑواں شہروں کا وہ پہلا میٹروپولیٹن اخبار ہے جو طباعت کے ساتھ ساتھ 11 سال سے ای پیپر کی شکل میں دنیا بھر کے قارئین کو انٹرنیٹ پر بھی دستیاب ہےجبکہ ڈیجیٹل میڈیا ٹی وی چینل MN TV کو پاکستان کے پہلے رجسٹرڈ ڈیجیٹل ٹی وی چینل کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ حکومت کو ڈیجیٹل میڈیا اور اس سے وابستہ افراد کے مسائل کو سمجھنا ہوگا اور انہیں باقاعدہ صنعت کا درجہ دینے کیلئے سپورٹ کرنا ہوگا۔
سید شبیر شاہ صدر پاکستان چیپٹر گلوبل پاکستان کشمیر سپریم کونسل کا تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا کے دیرینہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں سب سے زیادہ کردار ڈیجیٹل میڈیا کا ہے۔ کشمیر کاز کیلئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر موثر انداز میں آواز اٹھائی جا رہی ہے جس سے دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کا پیغام پہنچ رہا ہے اور بھارتی جارحیت بے نقاب ہو رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانان نے ادارے کیلئے نیک خواہشات اظہار کیا ۔