امریکی صدر نے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا

ڈیووس(نیوز ڈیسک) امریکی صدر نے پاکستان کا دورہ کرنے کا اعلان کر دیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات خاصی خوشگوار اور مثبت رہی، انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا گیا ہے کہ سوئزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہونے والی ملاقات شاندار رہی۔وزیر خارجہ نے بتایا ہے کہ ملاقات خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی ۔ اس ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کروائی کے وہ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ پاکستان کی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر وفود کی سطح پر ملاقات کی۔وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے بھی مختصر گفتگو کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ امریکی صدر سے دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کے ساتھ افغان صورتحال پر بات ہو گی۔ اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، ہم کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان میرے دوست ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میرے لئے عزت کی بات ہے کہ میں اپنے دوست عمران خان سے دوبارہ مل رہا ہوں، ہم دونوں بارڈرز پر بھی کام کررہے ہیں اور تجارت پر بھی ، آج ہم کشمیر پر بات بھی کریں گے تاکہ بھارت کیساتھ پاکستان کے جو مسائل ہیں ان کو حل کیا جاسکے ۔ امریکی صدر نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ جتنے اچھے تعلقات اب ہیں اس سے قبل کبھی بھی ایسے تعلقات نہیں تھے۔