امریکی فنڈز کی اعانت سے پاکستان میں کاروباری افراد کی ترقی ا و رجدت طرازی

اسلام آباد(پ ر) نئے کاروبار کے آغاز اور کاروباری جدت طرازی سے روزگار، پیداواری استعداد اور تجارت کو فروغ ملتا ہے۔ امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) جوش و جذبے سے بھرپور کاروبار ی افراد اور اختراع پسندوں کو دو لاکھ ڈالر تک چیلنج فنڈ گرانٹ کی فراہمی کے ذریعے پاکستان میں کاروباری ترقی کا مستقبل تعمیر کررہا ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں آج ایک تقریب میں کا انعقاد کیا گیا، جس میں امریکی اور پاکستانی حکام نے پاکستان بھر سے چیلنج فنڈ گرانٹ وصول کرنے والے ایسے ۲۰ پاکستانیوں کی کامیابی کا جشن منا یا جنہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مہمان نوازی، ٹیکسٹائل، چھوٹے پیمانے کی انجینئرنگ اور زرعی کاروبار کے شعبوں میں شاندار نئے کاروباری خیالات تخلیق کئے۔ چیلنج فنڈ کے ذریعے فروغ دی جانے والی کاروباری اختراعات سے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی مسابقت کی صلاحیت، روزگار کے مواقع، فروخت، برآمدات، منڈیوں تک رسائی اور نئی ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافہ ہورہا ہے۔
وزارت صنعت و پیداوار کے سینئر جوائنٹ سیکریٹری قاضی ظہیر احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کاروباری افراد کے جدت پر مبنی کاروباری تصورات اور پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے کے لئے ان کی کاوشوں کو سراہا ۔ انہوں نے پاکستان کے کاروباری شعبے کی ترقی کے لئے معاونت پر امریکہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
یو ایس ایڈ پاکستان کی مشن ڈائریکٹر جولی کوئنن نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ انہوں نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں اس پروگرام کے ذریعے جو بیج بوئے تھے اُن کے ثمرات منافع بخش اور جدت پر مبنی کامیاب کاروبار کی شکل میں سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ چند برسوں کے دوران وہ یو ایس ایڈ کے چیلنج فنڈ سے فنڈز وصول کرنے والے مزید نئے کاروباری اداروں کو پھلتا پھولتا دیکھیں گے۔
یو ایس ایڈ دو گرانٹ پروگرام (انوویشن گرانٹس اور ایس ایم ای گروتھ گرانٹس )چلارہا ہے، جن کے حصول کے لئے پاکستان میں قانونی طور پر اندراج کے حامل مقامی اور بغیر منافع کے کام کرنے والے ادارے، نئے کاروبار شروع کرنے والے افراد اور ادارے درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ ان پروگرام کے تحت بیس ہزار سے پچاس ہزار ڈالر تک گرانٹس ہوتی ہیں اور گرانٹ حاصل کرنے والے کامیاب افراد اور ادارے دو لاکھ ڈالر تک کی بڑی چیلنج گرانٹ کے حصول کی درخواست کرسکتے ہیں۔