امانت دار کی جانب سے حب میں سینکڑوں بے روزگار خاندانوں میں راشن کی تقسیم

کراچی( سٹاف رپورٹر) خلق خدا کی خدمت کیلئے سرگرم تنظیم ’امانت دار‘ کی جانب سے حب کے علاقے میں لاک ڈائون کےباعث بے روزگارہونے والے سینکڑوں خاندانوں میں راشن کی تقسیم۔تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس سے کئی ممالک معاشی بد حالی کاشکار ہیں۔دیگر ممالک کی طرح پاکستان بھی کورونا وائرس سے شدید متاثر ہورہا ہے بالخصوص روزانہ کی بنیاد پر مزدوری کرکے کھانے والے طبقے کا کوئی پرسان حال نہیں ۔لاک ڈائون کے باعث درپیش ان حالات میں کراچی میں سرگرم عمل تنظیم ’امانت دار‘ نے حب میں سینکڑوں خاندانوں کے بے روزگارہونے کی اطلاع ملنے پر امدادی سامان سے بھرے ٹرک روانہ کردیئے۔

امانت دار کی جانب سے بے روزگار خاندانوں میں بریانی کے ہزاروں پیکٹ تقسیم کیے اور ساتھ ہی ہر گھر کو راشن کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی۔ترجمان امانت دار کے مطابق تنظیم کے رضاکاروں نے حب کے علاقہ میں مولاداد گوٹھ،رمضان گوٹھ ، عبداللہ گوٹھ، محمد ہاشم گوٹھ، حسینی گوٹھ ،حاجی ایم صدیق گوٹھ اور حاجی سلیمان گوٹھ میں ہزاروں کی تعداد میں بریانی اور راشن بیگز تقسیم کیے ، ان کا کہنا تھا کہ راشن کی تقسیم کا یہ عمل ابھی بھی جاری ہے اور عیدکے بعد بھی اس کو جاری رکھا جائے گا۔